پنجاب کالج پھالیہ میں ایجوکیشن فیملی میلہ، انعامات تقسیم

پنجاب کالج پھالیہ میں ایجوکیشن فیملی میلہ، انعامات تقسیم

پھالیہ( نامہ نگار ) ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس کے زیر اہتمام پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام کے تحت پنجاب کالج پھالیہ میں ایک روزہ ایجوکیشن فیملی میلے کا انعقاد کیا گیا۔

میلے کا افتتاح مہمان خصوصی سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کرن ارشد نے کیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پری وینٹو سروسز ڈاکٹر افتخار، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر آصف نوید، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر عتیق الرحمن اور فیمیلیز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کرن ارشد کا میلے کے شرکا سے خطاب کرتے کہنا تھا کہ بڑ ھتی ہوئی آبادی قومی مسئلہ ہے ۔ وسائل اور آبادی میں توازن سے ہی ملک خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ خواتین کو برابری کے حقوق دینا اور ان کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینا وقت کی ضرورت ہے ۔کم عمری میں بچیوں کی شادی سائنسی اور آئینی لحاظ سے نقصان دہ ہے ، اس سے بچا جائے ۔

ڈاکٹر افتخار اور آصف نوید کا کہنا تھا کہ میلے کا بنیادی مقصد عوام خصوصا فیمیلیز کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بڑھتی آبادی کے مسائل اجاگر کرنا ، ماں بچے کی صحت کے حوالے سے احتیاطی تدابیر ، ماں بچے کی صحت کے لیے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفے کی اہمیت ، جدید مانع حمل طریقوں اور ادویات کے استعمال بارے آگاہی فراہم کرنا اور نوزائیدہ بچوں کے لیے ماں کے دودھ کی اہمیت بارے شعور اجاگر کرنا بھی ہے ۔ مقابلہ کے شرکا کو شیلڈز اور انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں