خستہ حال ریلوے گرائونڈ پر تھیم پارک بنانے کا فیصلہ

خستہ حال ریلوے گرائونڈ پر تھیم پارک بنانے کا فیصلہ

خوبصورت گوجرانوالہ مہم منصوبے پر کام شروع ،ڈی سی کاریلوے گرائونڈ سمیت شہر میں صفائی و دیگر میگا پراجیکٹس پر جاری کاموں کا جائزہ ،ہدایات جاری

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )خوبصورت گوجرانوالہ مہم کے تحت ریلوے سٹیشن کے خستہ حال گرائونڈ کو محکمہ کے تاریخی پس منظر میں جدید اور دلکش ریلوے تھیم پارک میں تبدیل کرنے کا فیصلہ ،منصوبے پر عملی کام شروع، ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے علی الصبح ریلوے گرائونڈ کا دورہ کیا اور تھیم پارک کے قیام بارے اقدامات کا جائزہ لیا اور کہا شہریوں کی تفریح کیلئے گرائونڈ کو جلد منفرد خوبصورت تھیم پارک میں تبدیل کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے پی ایچ اے کو پارک سے تمام جھاڑیاں ختم کرنے جبکہ جی ڈبلیو ایم سی کو علاقے کو صاف ستھرا بنانے کی ہدایات جاری کیں اور کہامتعلقہ ادارے منصوبے پر تیزی سے کام مکمل کریں ۔ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے علی الصبح شہر کے دیگر علاقوں میں صفائی اور میگا پراجیکٹس پر جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ سٹی فلائی اوورز کی گرین بیلٹس کا معائنہ کرتے پلرز کے پینٹ ورک اور گرین بیلٹس بحالی کیلئے متعلقہ محکموں کو کام کی رفتار اور معیار مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

سہنسرہ گورائیہ اور ملحقہ آبادیوں میں صفائی ، گھروں سے کوڑا کولیکشن، نالیوں کی ڈیسلٹنگ اور کھلے مقامات پر گندگی کے ڈھیروں کی صفائی کا بھی جائزہ لیا اورکہاشہر کے کسی بھی حصے میں کچرے کے ڈھیر نظر نہیں آنے چاہئیں،گھروں سے بروقت کوڑا کولیکشن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے فرانسیس آباد میں سڑکوں اور سیوریج سسٹم کی تعمیر و مرمت کا جائزہ لیا۔ مسیحی برادری اوردکانداروں سے ملاقات پرمسائل سنے اور صفائی و نکاسی آب مزید بہتر بنانے اورتجاوزات سے اجتناب کاحکم دیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے میگا پراجیکٹ میٹرو بس سروس کے جاری تعمیراتی کاموں پرپیشرفت کا جائزہ لیا اورکہا شہریوں کو جدید سفری سہولیات فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاکر ماس ٹرانزٹ منصوبے کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں