پتنگ بازی ، منشیات فروشی کی روک تھام کیلئے اقدامات
خواتین، بزرگ سائلین کیلئے تھانوں میں علیحدہ ڈیسک بنا دئیے :ڈی ایس پی کینٹ
راہوالی(نامہ نگار)ڈی ایس پی کینٹ سرکل سرفراز رانجھا نے کہا ہے کہ سائلین خواتین اور بزرگوں کیلئے سی پی او کے حکم پر تھانوں میں علیحدہ ڈیسک قائم کرد ئیے ،خواتین عملہ ایف آئی آر درج کرنے تک سہولت مہیا کر رہا ہے ، پتنگ بازی کی روک تھام اور سرکل کینٹ کو منشیات فری بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ تھانہ کینٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اور آئی جی نے احکامات جاری کئے ہیں کہ تھانوں کو حقیقی معنوں میں دارالامن ہوں ،وہاں انصاف اور دادرسی کیلئے آنے والے سائلین خود کو محفوظ سمجھیں ،احکامات پر عملدرآمد سے جرائم کی شرح میں خاطر خواہ کمی واقع ہو ئی ہے ، تھانوں میں کمپیوٹر ڈیسک اور محرر کے دفتر کے علاوہ خواتین ڈیسک بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں سائلین کو ون ونڈو سہولت مہیا ہے ۔ ڈی ایس پی نے واضح کیا کہ گوجرانوالہ میں پتنگ بازی پر پابندی ہے کسی کو پتنگ بازی، کیمیکل لگی ڈور، پتنگ فروشی کی ہرگز اجازت نہیں، کینٹ سرکل میں جن مکانوں کی چھتوں پر پتنگ بازی ہوگی ان کے خلاف مقدمات درج ہونگے ۔