اسلام آباد میں 7رمضان بازار لگانے کا فیصلہ
ہفتہ وار بازاروں کو بھی رمضان بازاروں میں تبدیل کیا جائے گا بہارہ کہو، پاکستان ٹاؤن، ایکسپریس وے، ترنول میں بھی بازار لگیں گے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیف کمشنر و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت رمضان المبارک کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ انتظامات سمیت رمضان بازاروں کے انعقاد اور اشیاء خوردونوش کی سرکاری نرخ پر فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں کیلئے بہترین انتظامات اور اشیاء کی کوالٹی و سرکاری نرخ پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ متعلقہ افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رمضان المبارک میں شہر بھر میں مختلف مقامات پر تقریباً 7رمضان بازاروں کا انعقاد کیا جائیگا، اسلام آباد کے 3ہفتہ وار بازاروں کو بھی رمضان بازاروں میں تبدیل کیا جائیگا۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تین ہفتہ وار بازاروں کے علاوہ رمضان بازار بہارہ کہو، پاکستان ٹاؤن ایکسپریس وے اور ترنول کے مقام پر بھی قائم کئے جائیں گے۔ چیئرمین نے واضح ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں اشیاء خوردونوش کے معیار پر کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ ہرگز نہیں کیا جائیگا۔