صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے ، ڈی پی وہاڑی
پولیس صحافی برادری کے تحفظ کیلئے ہمیشہ دستیاب رہے گی،وفد سے گفتگو
وہاڑی‘میلسی(نمائندہ خصوصی‘نامہ نگار)ڈی پی او تصور اقبال سے پریس کلب میلسی کے نو منتخب صدر سجاد احمد سعیدی کی زیر قیادت عہدیداروں کی ملاقات ،صحافیوں کو درپیش مسائل، امن و امان کی صورتحال، صحافیوں کے تحفظ اور پولیس و پریس کے مابین باہمی روابط کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں مہراصغر،میاں ندیم ممتاز، شیخ عدنان، شاہد نیاز، میاں وحیدالرحمن ،ارشاد بھٹی، ملک مقبول ملتانی،عمران خان بلوچ، وسیم شبیر اور مہر راشد منظور شامل تھے ۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ انہیں فرائض کی انجام دہی کے دوران مکمل تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے ۔ ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال نے کہا کہ پولیس اور میڈیا ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں،صحافیوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہاڑی پولیس صحافی برادری کے تحفظ اور معلومات کی بروقت فراہمی کے لیے ہمیشہ دستیاب رہے گی۔ آخر میں وفد نے ڈی پی او کا مثبت یقین دہانیوں پر شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر پی آر او ٹو ڈی پی او وہاڑی عدنان طارق بھی موجود تھے ۔