سرمایہ کاری کا فروغ ،تاجروں کو ریلیف اولین ترجیح،فیصل ممتاز
ٹیکس اصلاحات، انفراسٹرکچر کی بہتری اور سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات جاری ہیں تاجروں اور صنعتکاروں کی تجاویز کو پالیسی سازی میں شامل کیا جائیگا،وفد سے گفتگو
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آزاد کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر طاہر محمود کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے وزیراعظم کو گلدستہ پیش کیا ،عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کی معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری طبقے کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جیسے نمائندہ اداروں کے ساتھ قریبی روابط سے نہ صرف آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کاروبار دوست ماحول، ٹیکس اصلاحات، انفراسٹرکچر کی بہتری اور سیاحت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ تاجروں اور صنعتکاروں کی تجاویز کو پالیسی سازی میں شامل کیا جائے گا اور باہمی تعاون کے ذریعے آزاد کشمیر کی معیشت کو مستحکم کیا جائے گا۔