علی پور :سیوریج بند ، پانی گھروں میں داخل ،زندگی اجیرن
محلہ اسلام آباد میں پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع ،آ مد ورفت میں مشکلات
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ میں سیوریج سسٹم کی تباہ حالی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ۔ عدم صفائی اور بروقت نکاسی نہ ہونے کے باعث نالیاں بند، گٹر ابل پڑے جبکہ گندا پانی گلیوں، بازاروں اور رہائشی گھروں میں داخل ہو نے لگا۔ محلہ اسلام آباد نزد ریلوے لائن سیوریج کا نظام مکمل طور پر بند ہوچکا۔ نالوں کا گندا پانی سڑکوں پر بہنے کے ساتھ ساتھ گھروں میں داخل ہو رہا ہے ، جس کے باعث آمد و رفت دشوار ہو گئی ۔ بدترین صورتحال کے باعث نمازی کپڑے گندے ہونے کے خوف سے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور مساجد میں باجماعت نماز ادا کرنا بھی مشکل ہو گیا ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی علی پورچٹھہ اور بلدیہ کی جانب سے مسلسل شکایات کے باوجود کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا جا رہا جبکہ ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی زمینی حقائق کے برعکس دکھائی دے رہی ہے ۔ علاقے میں تعفن اور گندگی کے باعث وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھتا جا رہا ہے ۔ متاثرہ شہریوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نااہل بلدیہ عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور علی پورچٹھہ میں سیوریج کے سنگین مسئلے کے فوری اور مستقل حل کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔