ڈی پی او خانیوال کی کرائم میٹنگ‘ ناقص کارکردگی پر وارننگ
عوامی خدمت پہلی ترجیح،سستی برداشت نہیں کی جائیگی‘اسماعیل کھاڑک
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسماعیل کھاڑک کی زیر صدارت کرائم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلع بھر میں جرائم کی صورتحال اور پولیس کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں ناقص کارکردگی پر افسروں کو سخت وارننگ جاری کی گئی۔ڈی پی او نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو فوری اور میرٹ پر انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، غفلت اور سستی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے پتنگ بازی اور پتنگ فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کی ہدایت کی اور خلاف ورزی کی صورت میں فوری گرفتاری اور سخت قانونی کارروائی کے احکامات دئیے ۔میٹنگ میں زیر التوا چالانوں کو فوری عدالتوں میں بھجوانے اور ڈکیتی و راہزنی میں ملوث ملزمان کے خلاف فیصلہ کن کریک ڈاؤن کے احکامات بھی جاری کیے گئے ۔ ڈی پی او نے ریپ مقدمات میں زیرو ٹالرنس اپنانے اور منشیات فروشوں کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائی کرنے کی ہدایات دیں۔مزید برآں، پولیس کو ہدایت دی گئی کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، جرمانے ، چالان اور مقدمات درج کریں، جبکہ تھانوں میں صفائی، نظم و ضبط اور عوامی سہولت کو یقینی بنایا جائے ۔ ڈی پی او نے افسران سے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبے سے فرائض انجام دیں اور جرائم کے خاتمے کے لیے مؤثر حکمت عملی پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔