کمشنر سے تاجروں کی ملاقات، شہر کی ترقی پر تبادلہ خیال
کمشنر سے تاجروں کی ملاقات، شہر کی ترقی پر تبادلہ خیالتجارتی سرگرمیوں، صنعتی ترقی اور تاجر برادری کو درپیش مسائل پر بات ہوئی
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی سے صدر انجمن تاجران سرگودھا ناصر محمود کی قیادت میں تاجروں کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں جنرل سیکرٹری عرفان حیدر اور مختلف تاجر تنظیموں کے نمائندگان بھی شامل تھے ۔ملاقات کے دوران تاجروں نے کمشنر کی تعیناتی پر خیرمقدم کیا اور شہر کی مجموعی صورتحال، تجارتی سرگرمیوں، صنعتی ترقی اور تاجر برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تاجروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے ۔ انہوں نے تاجر برادری کو شہر کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے تعاون سے شہری سہولیات میں مزید بہتری لانے کا یقین دلایا۔وفد نے سٹی روڈ اور کچہری بازار میں بیک وقت شروع ہونے والے ترقیاتی کام سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی نشاندہی کی، جس پر کمشنر نے معاملے کا جائزہ لینے اور مناسب اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔ مسلم بازار کے نمائندے نے قدیم مسجد کے برآمدے خالی کروانے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور بعض دکانوں میں خطرناک مواد کی فروخت کی نشاندہی کی۔ کمشنر نے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کو فوری کارروائی اور سرچ آپریشن کی ہدایت دی۔
کمشنر نے بتایا کہ ٹریفک مسائل کے مستقل حل کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے جو جامع ٹریفک مینجمنٹ پلان پر کام کر رہی ہے ۔ صدر انجمن تاجران نے سیٹلائٹ ٹاؤن کے پرانے پل کے نیچے ٹریفک روانی بہتر بنانے کی تجویز پیش کی اور شہر کی ترقی کے لیے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر کمشنر نے سرگودھا ڈویژن کے میگا ترقیاتی منصوبوں جیسے 14 ارب روپے کے سیوریج منصوبے اور نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر بھی روشنی ڈالی، جن سے شہری سہولیات اور خطے کی مجموعی ترقی کو فروغ ملے گا۔ تاجروں نے شہر کی ترقی، امن و امان اور حکومتی اقدامات میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔