روڈ سائیڈ پر تجاوزات کے خلاف کارروائی،10ہوٹلز اور مختلف دکانیں سربمہر
ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات کی موثر روک تھام کی جا ئے، کمشنر کراچی کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر )کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر شہر میں روڈ سائیڈ تجاوزات اور ہوٹل سٹنگز کے خلاف کارروائی جاری ہے ڈپٹی کمشنرز وسطی اور ڈپٹی کمشنر کیماڑی نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی کو کی جا نے والی کارروائیوں کی رپورٹ پیش کی ہے ۔رپورٹس کے مطابق مجموعی طور پر 12روڈ سائیڈ ہوٹلز اور تجاوزات کے خلاف کارروائی میں دس ہوٹلز اور مختلف دکانیں سیل کی گئیں دو کو تنبیہ کی گئی ۔ڈپٹی کمشنر وسطی طحہ سلیم کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ آفس کے نزدیک ایک پان کیبن دو فوٹو کاپی کیبنز سیل کئے گئے۔
جبکہ نارتھ ناظم آباد میں کیفے ڈی سلوا اور پہاڑ گنج کے مختلف مقامات پر پانچ دکانیں سیل کی گئیں ان میں تاج حسن پکوان، چائے ڈھابہ، ماشائاللہ کار گیس ،حسںن زء آٹو ،رینٹ اے کار اور ایک پنکچر شاپ شامل ہیں ڈپٹی کمشنر کیماڑی راجہ طارق چانڈیو کے مطابق رشیدآ باد بلدیہ اور سعیدآباد میں واقع دو تجاوزات کے مرتکب ہوٹلز کو دو بارہ تجاوزات نہ کرنے کی یقین دہائی پر تنبیہ کی گئی ۔کمشنرنے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹیں بننے والی تجاوزات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کریں۔