تتلے عالی :ملاوٹی ، مضر صحت اشیا کی فروخت میں اضافہ
فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں بند ہونے سے غیر قانونی کاروبارمیں اضافہ لمحہ فکریہ
تتلے عالی(نامہ نگار )تتلے عالی میں ملاوٹ شدہ ،مضر صحت اشیا کی خریدو فروخت میں اضافہ ہو گیا ۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کارروائیاں بند ہونے کی وجہ سے تتلے عالی ا ور نواحی علاقوں میں ملاوٹ شدہ اور مضر صحت اشیا کی خریدوفروخت بڑھ گئی ہے ،سویٹ شاپس پر تیار ہونے والی مٹھائیوں میں فوڈز کلرز کے بجائے غیر معیاری رنگ، سموسہ، پکوڑا،قیمہ،آلو کی ٹکیاں چربی سے تیار آئل میں بنائی جا رہی ہیں جبکہ بیکریوں میں غیر معیاری گھی،میدہ اور گندے انڈوں کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے ،پانی ملا گوشت،دودھ،غیر معیاری کالی مرچ،چائے ،سرخ مرچ پسی ہوئی،دھنیا پسا ہوا،ہلدی ودیگرمصالحہ جات،گڑ،شکر ودیگر اشیا بھی مضر صحت فروخت ہو رہی ہے ۔فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں بند ہونے سے غیر قانونی کاروبارمیں دن بدن اضافہ متعلقہ اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔