سیالکوٹ روڈ پر فلاور بیڈنگ کے کام کو تیز کرنے کا حکم
جناح پارک میں جاگنگ ٹریک کے کام میں تاخیر ناقابل قبول:ایم ڈی ہارٹیکلچر
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر )ہارٹیکلچر ایجنسی گوجرانوالہ کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہد عباس جوتہ نے شہر کے مختلف پارکوں اور گرین بیلٹس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جاری ترقیاتی و بیوٹیفکیشن کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسر وں و فیلڈ اسٹاف کو ضروری ہدایات جاری کیں۔دورے کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر نے سیالکوٹ روڈ پر فلاور بیڈنگ کے کام کو تیز کرنے جبکہ جی ٹی روڈ پر واقع کشمیر پارک کے سامنے فوری طور پر تمام ویسٹ کلیئر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جناح پارک میں جاگنگ ٹریک کے کام میں تاخیر کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ آئندہ سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے شہباز شریف فلائی اوور پر فوری فلاور بیڈنگ کا کام شروع کرنے ، ریلوے پارک کی موجودہ صورتحال پر ذمہ دار مالیوں کو معطل کرنے اور پارک انچارج سے فوری وضاحت طلب کرنے کی ہدایت کی۔ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی نے قائداعظم ڈویژنل پبلک سکول روڈ پر ٹف ٹائل ورک اور دیوار پر کنکریٹ کے اہم کام کو بھی شروع کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ ڈی سی کمپلیکس چوک اور دھلے چوک کے سامنے ٹائمز سکوائر طرز پر بیوٹیفکیشن جبکہ گلشنِ اقبال پارک میں لائٹنگ اور بیوٹیفکیشن کے کام فوری طور پر مکمل کرنے کا حکم دیا۔اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بخاری روڈ ڈنگہ پھاٹک ریلوے ٹریک کے ساتھ جاگنگ ٹریک کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ شمسی انڈر پاس پر رنگ و روغن اور بیوٹیفکیشن کا کام بھی تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے ۔