علی پورچٹھہ:تجاوزات‘ناجائز رکشہ اڈوں سے سڑکیں سکڑ گئیں

علی پورچٹھہ:تجاوزات‘ناجائز رکشہ اڈوں سے سڑکیں سکڑ گئیں

ٹریفک جام معمول بن گیا ، پیدل چلنے والے شدید مشکلات کا شکار ،شہری سراپا احتجاج

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ میں تجاوزات اور ناجائز رکشہ اڈوں نے شہری زندگی مفلوج کر دی ، سڑکیں سکڑ گئیں، ٹریفک جام معمول بن گیا جبکہ پیدل چلنے والے شدید مشکلات کا شکار ہیں ،شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ علی پورچٹھہ میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں صرف کاغذی اور فوٹو سیشن تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔ بلدیہ علی پورچٹھہ اعلیٰ افسر وں کی متوقع آمد پر وقتی آپریشن کر کے سب اچھا کی رپورٹ پیش کر دیتی ہے تاہم حقیقت میں سڑک کنارے قائم تجاوزات بدستور موجود ہیں۔ مدینہ چوک سے گورمے چوک تک سڑک پر گھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے ، شہر کے اہم چوکوں پر ناجائز رکشہ اڈے قائم ہیں جن کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ راہگیروں اور دکانداروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں کا الزام ہے کہ بلدیہ ناجائز اڈوں پر پراسرار خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے ۔ دوسری جانب تعینات وارڈنز ٹریفک کی بہتری اور سڑکوں کی بحالی کے بجائے موٹرسائیکل سواروں کے چالان کر کے ریونیو ٹارگٹ مکمل کرنے میں مصروف ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر اور اعلیٰ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کیخلاف مستقل اور مؤثر کارروائی کی جائے ،ناجائز رکشہ اڈے ختم کئے جائیں اور ٹریفک کی روانی کو بحال کیا جائے تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں