انصاف میں تاخیر ناقابل قبول:چیف جسٹس ہائیکورٹ

انصاف میں تاخیر ناقابل قبول:چیف جسٹس ہائیکورٹ

جدید عدالتی سہولیات کی فراہمی سے عام شہری کو فوری انصاف ممکن ہوگا سیالکوٹ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی نئی تعمیر عمارت کا افتتاح

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم نے سیالکوٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی نئی تعمیر شدہ دو منزلہ عدالتوں کی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ امجد اقبال رانجھا بھی موجود تھے ۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا استقبال ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سیالکوٹ ندیم طاہر سید، ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی اور قائم مقام ڈی پی او حسیب راجہ نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سینئر سول ججز، سول ججز، ضلعی عدلیہ کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔تقریب میں ممبران پنجاب بار کونسل رضا سبحانی اور حسن سرفراز بھلی، سابق رکن شمشاد احمد باجوہ، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ سعید احمد بھلی، دیگر عہدیداران سمیت سینئر وکلا کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر پنجاب پولیس کے چاق و چوبند دستے نے چیف جسٹس کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دو منزلہ عمارت 12 کنال 8 مرلہ اراضی پر مشتمل ہے جس پر مجموعی طور پر 259.6 ملین روپے لاگت آئی۔ عمارت کا سنگ بنیاد سال 2022 میں رکھا گیا تھا۔مزید بتایا گیا کہ عمارت میں جدید عدالتی کمروں کے علاوہ ڈے کیئر سنٹر، آلٹرنیٹو ڈسپیوٹ ریزولوشن سنٹر اور ڈسپنسری جیسی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم نے کہا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ عدلیہ کی اولین ترجیح ہے ،جدید عدالتی سہولیات کی فراہمی سے عام شہری کو فوری انصاف ممکن ہوگا جبکہ بروقت اور دہلیز پر انصاف کی فراہمی عدلیہ کا بنیادی مشن ہے ۔چیف جسٹس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انصاف میں تاخیر ناقابل قبول ہے اور ضلعی عدلیہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے اور عام آدمی کا عدلیہ پر اعتماد بحال کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں