بھارت کشمیریوں کو آزادی سے محروم نہیں رکھ سکتا:ڈاکٹر طارق
اہل کشمیر کو حق خودارادیت دلانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالا جائے :ریلی سے خطاب
گجرات(سٹی رپورٹر )جماعت اسلامی پنجاب کے ا میرڈاکٹرطارق سلیم نے یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پرشاندارچوک جہلم میں یکجہتی کشمیرریلی میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی امیرضلع ڈاکٹر قاسم محمود چودھری، سید ضیا اﷲ شاہ بخاری، محمد فیاض بٹ قرطبی ودیگربھی ہمراہ تھے ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ آزاد جموں کشمیر کے عوام نے قربانیاں دے کر مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہے بھارتی سامراج کا سارا ظلم ریاستی دہشت گردی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے جذبہ حریت کو سرد نہیں کر سکا،ڈاکٹر طارق سلیم نے حریت کانفرنس کے قائدین اور مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا اور عالمی برادری کو اس مسلہ کی سنگینی محسوس کرتے ہوئے اسے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہو ں نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کی خاموشی کی مذمت کی اور او آئی سی اور مسلمان ممالک کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ اہل کشمیر کو حق خودارادیت دلانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالا جائے ۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ آج کے دن اپنے کشمیری بھائیوں کو باورکرانا ہے کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ تمام پاکستانی قوم کشمیریوں کیساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے غیر متزلزل عزم اوربلند حوصلے کو سلام پیش کیا، انہوں نے کہاکہ مودی سرکار نے غیر آئینی اورغیر قانونی ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنارکھا ہے ، بھارت ریاستی جبر وتشدداورکشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرکے کشمیریوں کو آزادی کے حق سے محروم نہیں رکھ سکتا، مظلوم کشمیری بھائیوں کی آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔