جمعیت علما اسلام 8فروری کو یومِ سیاہ منائے گی:احمد احرار
عام انتخابات میں کھلی دھاندلی ، من پسند نتائج کیخلاف احتجا ج کیا جائے گا
کامونکے (تحصیل رپورٹر )جمعیت علما اسلام 8 فروری کو یومِ سیاہ منائے گی۔ صوبہ پنجاب کے سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احمد احرار نے کہا ہے کہ 8 فروری کے عام انتخابات میں مبینہ کھلی دھاندلی، فارم 47کے ذریعے من پسند نتائج مسلط کرنے اور عوامی مینڈیٹ کی سنگین پامالی کے خلاف جے یو آئی یومِ سیاہ منائے گی۔ تفصیلات کے مطابق حافظ نصیر احمد احرار نے بھانپور کامونکے میں جامعۃ الخلیل کے سالانہ جلسہ برائے دستارِ فضیلت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے دارالعلوم مدنیہ رسول پارک سبزہ زار لاہور میں ایک بڑا اجتماع منعقد کیا جائے گا جس میں جمعیت علما اسلام صوبہ پنجاب کی قیادت شرکت کرے گی جبکہ جے یو آئی ڈیجیٹل میڈیا کے مرکزی کوآرڈی نیٹر انجینئر ضیا الرحمٰن خصوصی خطاب کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جے یو آئی عوامی حقوق کے تحفظ اور آئینی بالادستی کی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہر فورم پر انتخابی بے ضابطگیوں کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔ جلسہ سے جمعیت علماء اسلام تحصیل کامونکے کے امیر مولانا حافظ خرم شہزاد، سیکرٹری جنرل مولانا عبدالماجد سمیت دیگر علماء کرام نے بھی خطاب کیا اور دینی تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔