شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری:کمشنر
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)کمشنر نوید حیدر شیرازی اور آر پی او خرم شہزاد حیدر نے اسلام آباد میں امام بارگاہ میں ہونے والے دھماکے کے بعد امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے حوالے سے منعقدہ ڈوثرنل امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ۔۔۔
شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کیلئے تمام ادارے یکجا ہو کر مؤثر حکمتِ عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افسوسناک واقعات معاشرتی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہوتے ہیں مگر قوم کی یکجہتی اور اداروں کی مستعدی ان عزائم کو ناکام بنا دے گی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد ،ایس ایس پی آپریشنز غیور احمد بھی تھے ۔کمشنر نے واضح کیا کہ حساس مقامات کی سکیورٹی میں اضافہ، انٹیلی جنس شیئرنگ کا بروقت نظام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہم آہنگی امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے ۔ کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں سے گریز کریں، مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں اور سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔