حافظ آباد :مساجد ‘ امام بارگاہوں ‘گرجا گھروں کی سکیورٹی سخت
حافظ آباد (نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق اور ڈی پی او کامران حمید کا مرکزی امام بارگاہ فوارہ چوک کا دورہ،سکیورٹی انتظاما ت کا جائز لیا گیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمہ ،قومی یکجہتی ،مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کے فروغ کیلئے پوری قوم متحد ہے ۔ملک میں بزدلانہ کاروائیاں کرنے والے دہشت گردوں اور بدامنی پھیلانے والے عناصر کے خاتمہ کے لیے پوری قوم ،حکومت ، افواج پاکستان اور دیگر قانونی نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، سانحہ ترلائی پر پور ی قوم غم اور افسوس میں مبتلا ہے ۔اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام علمائے کرام اور کمیونٹی کے سرکردہ افراد بھائی چارہ ، اتحادو اتفاق کو فروغ دیں تا کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ ضلع بھر میں تمام مساجد ، امام بارگاہوں ،گرجا گھروں کی سکیورٹی کو مزید سخت بنایا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں علمائے کرام ، مسیحی برادری اور سول سوسائٹی کے سرکردہ افراد مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں۔ اس موقع پر سانحہ ترلائی امام بارگاہ کے شہدا کے ایصال و ثواب ، درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔