بسنت کیلئے لاہور جانیوالوں کا ٹرینوں‘ بسوں میں رش
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )لاہور میں بسنت تہوار میں شرکت کیلئے مسافر ٹرینوں اور بسوں میں شدید رش وزیرآباد میں ریل کار پر سفر کرنے کیلئے 300 سے زائد افراد نے ٹکٹ بک کر ائے ،
ٹرین میں رش کی وجہ سے جگہ نہ ہونے اور بوگیوں کے دروازے بند ہونے کی وجہ سے مسافر ٹرین میں سوار نہ ہو سکے ، طیش میں آ کر منچلے مسافروں کی جانب سے بوگیوں کے شیشے توڑنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے لاہور میں بسنت تہوار کو جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے وزیرآباد سے مختلف ٹرینوں میں سینکڑوں افراد لاہور کیلئے عازم سفر ہوئے ،بسوں کے اڈوں پر بھی شدید رش رہا جبکہ اپنی گاڑیوں میں لاہور کے سفر کیلئے جانے والوں کی تعداد کا اندازہ لگانا مشکل رہا ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز لاہور کیلئے وزیرآباد سٹیشن سے روانہ ہونے والی ریل کار کیلئے 300 افراد نے ٹکٹ بک کر ائے لیکن ٹرین میں رش کی شدت کی وجہ سے بوگیوں کے دروازے مسافروں نے نہ کھولے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 280 مسافروں نے ٹکٹس ریفنڈ کر ائے اور بسوں ویگنوں سمیت دیگر سفری ذرائع کو اختیار کیا۔