کاروباری افراد کو درپیش مسائل حل کر رہے :بلال تارڑ
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )ممبر قومی اسمبلی بلال فاروق تارڑ نے علی پورچٹھہ میں خان گیس ایجنسی کا افتتاح کر دیا ۔
افتتاحی تقریب میں لیگی رہنما عرفان افضل چٹھہ، اعجاز احمد پرویا، بشارت علی چیمہ، آصف بشیر بھنڈر، صدر مرکزی انجمن تاجران ملک ذوالفقار علی بھٹو، پریس کلب علی پورچٹھہ کے صدر غلام مرتضیٰ علوی سمیت تاجر برادری اور معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلال فاروق تارڑ نے کہا کہ کاروباری مراکز اور نئی ایجنسیوں کا قیام مقامی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں اور عوام کو بہتر سہولیات میسر آئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ علی پورچٹھہ اور گردونواح میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے اور عوامی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے ۔ تقریب کے دوران شرکا نے ایم این اے کو حلقہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر خراج تحسین پیش کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آخر میں ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔