نوشہرہ ورکا ں: نو تعمیر کینال بائی پاس روڈ 3 ہفتوں میں ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار

نوشہرہ  ورکا ں: نو تعمیر کینال بائی پاس روڈ 3 ہفتوں میں ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار

تحصیل کچہری سے نوکھر تک سڑک کئی مقامات سے بیٹھ گئی ، جگہ جگہ دراڑیں اور اکھڑناشروع ، تعمیراتی معیار اور متعلقہ محکمے کی کارکردگی پر سوالات، شہریوں کا اظہار تشویش، آڈٹ کا مطالبہ

نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر ، نمائندہ دنیا) کروڑوں روپے سے تعمیر کی جانیوالی کینال بائی پاس کارپٹ روڈ صرف 3 ہفتوں میں ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی،تعمیراتی معیار اور متعلقہ محکمے کی کارکردگی پر سوالات اٹھ گئے ۔ بتایاگیا ہے کہ تحصیل کچہری سے نوکھر تک سڑک کئی مقامات سے بیٹھ چکی اور اکھڑنا شروع ہو گئی جبکہ بعض جگہوں پر دراڑیں پڑنے سے موٹر سائیکل سواروں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ تعمیر کے دوران ناقص مٹیریل اور غیر معیاری کام کی نشاندہی کی گئی تھی تاہم متعلقہ افسر وں نے توجہ نہ دی۔ ذرائع کے مطابق سڑک کی تعمیر میں بیس اور بائنڈر کے معیار کو نظر انداز کیا گیا جبکہ رولر کمپیکشن اور لیئرنگ کے بنیادی اصول بھی پورے نہیں کئے گئے ، اس حوالے سے ایس ڈی او اور سب انجینئر سے مؤقف لینے کی کوشش کی گئی تو ان کا غیر ذمہ دارانہ رویہ سامنے آیا جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام کا شفاف آڈٹ کرایا جائے ، ناقص مٹیریل استعمال کرنیوالے ٹھیکیدار اور ذمہ دار افسر وں کیخلاف کارروائی کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں