حافظ آباد :آوارہ کتوں ،چوہوں کی بھرمار ،شہری پریشان
گوجرانوالہ روڈ، ساگر روڈ، محلہ بہاولپورہ، کسوکے روڈ و دیگر علاقوں میں کتوں کے غو ل چوہے گھروں ، دکانوں ، گوداموں میں اشیا کو نقصان پہنچانے لگے ، تلف کرنے کا مطالبہ
حافظ آباد (نامہ نگار،نمائندہ دنیا ) شہر میں آوارہ کتوں اور چوہوں کی بھرمار نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ۔ مختلف علاقوں میں انتظامیہ کی جانب سے مؤثر اور مستقل اقدامات نہ کئے جانے کے باعث مسئلہ سنگین صورت اختیار کر چکا جس پر شہریوں میں تشویش اور غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔گوجرانوالہ روڈ، ساگر روڈ، محلہ بہاولپورہ، کسوکے روڈ، گڑھی اعوان، پھول ٹاؤن، محلہ ڈہاب والہ، کولو روڈ، جلالپور روڈ، مدہریانوالہ روڈ اور علی پور روڈ سمیت شہر کے متعدد علاقوں میں آوارہ کتوں کے غول دن اور رات کے اوقات میں گلیوں اور سڑکوں پر دندناتے پھر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سکول جانے والے بچوں، کام پر جانے والے افراد اور بالخصوص خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ دوسری جانب شہر کے مختلف محلوں میں گٹروں، نالوں اور کچرا کنڈیوں کے اطراف موٹے چوہوں کی بھرمار نے صفائی کی صورتحال پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے ۔ شہریوں کے مطابق رات کے اوقات میں چوہے گھروں میں داخل ہو کر خوراک کو نقصان پہنچاتے ہیں جبکہ بعض دکانوں اور گوداموں میں بھی اشیائے خوردونوش کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے ۔ ماہرین صحت کے مطابق چوہے مختلف وبائی امراض پھیلانے کا سبب بن سکتے ہیں جس سے شہریوں کی صحت کو بھی خطرات لاحق ہیں۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی اور متعلقہ اداروں کو بارہا شکایات درج کر ائی جا چکی ہیں مگر تاحال کوئی جامع مہم یا باقاعدہ تلفی پروگرام شروع نہیں کیا گیا۔