فارم 47 اصلی ، چیلنج کرنیوالے عدالت جا ئیں :شافع حسین
فارم 47 اصلی ، چیلنج کرنیوالے عدالت جا ئیں :شافع حسین جی ٹی روڈ پر نئی انڈسٹریل سٹیٹ 200 ایکڑ پر مشتمل ہوگی ، فنڈز منظور ہو چکے
گجرات(سٹی رپورٹر ، نامہ نگار )صوبائی وزیر شافع حسین نے کہا ہے کہ اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمارے فارم 45 اور 47 اصل ہیں جس نے چیلنج کرنا ہے عدالت آ جائیں ، الیکشن ڈے پر 2 تھانے بکے ہوئے تھے ، پی ٹی آئی پولنگ سٹینشز کے دروازے بند کر کے مہریں نہ لگاتی تو 50 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرتے ۔،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دینے کے موقع پر کیا ، صوبائی وزیر نے کہا کہ صحافیوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تصدیق کر کے 100 فیصد درست خبریں شائع کرنی چاہئیں تاکہ معاشرہ میں انتشار پیدا نہ ہو ۔انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل کیلئے فنڈز منظور ہو چکے ہیں ، گجرات چیمبر میں آن لائن ارننگ کی ٹریننگ کیلئے ایک فلور مہیا کرنے جا رہے ہیں ، گجرات کی تاریخ میں پہلی بار چلڈرن پارک میں لیڈیز ایکسپو ہونے جا رہی ہے ، نئی انڈسٹریل اسٹیٹ شہریوں کی جانب سے عدالتی سٹے لینے کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی ، نئی انڈسٹریل اسٹیٹ جی ٹی روڈ پر 200 ایکڑ پر قائم ہو گی جس کیلئے فنڈز منظور ہو چکے ہیں ، فیکٹریاں لگنے سے گجرات میں خوشحالی آئے گی۔