رسولنگر سیم نالہ اُبل پڑا، بازاروں میں گندا پانی داخل
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر) رسولنگر سیم نالہ اُبل پڑا، بازاروں میں گندا پانی داخل، دکانیں بند، تاجر محصور۔
تفصیلات کے مطابق علی پورچٹھہ کے نواحی علاقے رسولنگر میں سیم نالہ اوورفلو ہونے کے باعث گندا پانی ملحقہ بازاروں اور گلیوں میں داخل ہو گیا جس سے کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئیں اور متعدد دکانیں بند کرنا پڑیں۔ تاجروں اور شہریوں کے مطابق کئی فٹ تک پھیلے بدبودار پانی نے آمدورفت معطل کر دی ہے ، خریداروں کا رخ رک گیا اور تاجر عملاً اپنی دکانوں میں محصور ہو کر رہ گئے ۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ سیم نالہ کی بروقت صفائی اور نکاسیٔ آب کے مؤثر انتظامات نہ ہونے کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ گندے پانی کے جمع ہونے سے تعفن پھیل رہا ہے اور وبائی امراض کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ مقامی لوگوں نے شکایت کی کہ مسئلہ نیا نہیں، معمولی بارش یا سیوریج کے دباؤ میں اضافہ ہوتے ہی نالہ اُبل پڑتا ہے اور بازار زیرِ آب آ جاتے ہیں۔ تاجروں نے بتایا کہ پانی دکانوں میں داخل ہونے سے سامان کو نقصان پہنچا ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی آمدنی رک گئی ہے ۔