علی پورچٹھہ بائی پاس روڈ خستہ حالی کا شکار ‘ٹریفک جام

علی پورچٹھہ بائی پاس روڈ خستہ حالی کا شکار ‘ٹریفک جام

اندرونِ شہر ہیوی ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کیلئے تعمیر بائی پاس پر جگہ جگہ گڑھے

علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ بائی پاس روڈ کھنڈر میں تبدیل، ہیوی ٹریفک شہر میں داخل ہونے سے روزانہ گھنٹوں ٹریفک جام معمول بن گیا ۔ علی پورچٹھہ میں اندرونِ شہر ہیوی ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کیلئے تعمیر کیا گیا بائی پاس روڈ طویل عرصے سے مرمت نہ ہونے کے باعث خستہ حالی کا شکار ہے ۔متعدد مقامات پر سڑک ٹوٹ کر بڑے گڑھوں میں تبدیل ہو چکی ہے جس سے گاڑیوں کی آمدورفت شدید متاثر ہے اور ڈرائیور زکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ بائی پاس کی ناقابلِ استعمال حالت کے باعث ہیوی ٹریفک دوبارہ شہر کے مرکزی بازاروں اور چوکوں کا رخ کرنے پر مجبور ہے جس سے دن بھر ٹریفک کا دباؤ بڑھ جاتا ہے اور گھنٹوں طویل جام معمول بن چکا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک کی بے ہنگم روانی نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کر رہی ہے بلکہ حادثات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جس سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ ، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بائی پاس روڈ کی فوری تعمیرِ نو کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ ہیوی ٹریفک کو دوبارہ شہر سے باہر منتقل کیا جا سکے اور شہریوں کو روزمرہ کی اذیت ناک ٹریفک صورتحال سے نجات مل سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں