قائد کی صحت پر تشویش ‘قوم خاموش نہیں رہے گی:ریحانہ ڈار

قائد کی صحت پر تشویش ‘قوم خاموش نہیں رہے گی:ریحانہ ڈار

غفلت پر جیل انتظامیہ اور حکومت بچ نہیں سکتے ،صحت پر سیاست نہیں ہو نی چاہیے

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )پاکستان تحریک انصاف کی ٹکٹ ہولڈر ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا ہے کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں انسانی جان اور صحت کو سیاست کی نذر نہیں کیا جاتا،ایک لیڈر جو کروڑوں لوگوں کی امید ہے ، آج بنیادی طبی توجہ کے لیے ترسایا گیا، یہ خبر ہر اس دل کو چیر دینی چاہیے جو انصاف اور رحم پر یقین رکھتا ہے ،غفلت کی ذمہ داری کس پر ہے ؟ جیل انتظامیہ اور حکومت اس سوال سے بچ نہیں سکتے ۔سیاسی اختلاف اپنی جگہ مگر کسی قیدی کی صحت کے ساتھ لاپروائی ناقابلِ معافی ہے ۔ یہ صرف کوتاہی نہیں، یہ سنگین غفلت ہے جس کا حساب ہونا چاہیے ۔ میں حکومت وقت سے فوری مطالبہ کرتی ہوں کہ عمران خان کو مکمل اور آزادانہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں، مستند ماہرین سے جامع معائنہ کرایا جائے اور ان کی صحت سے متعلق مکمل شفافیت سامنے لائی جائے ، مزید تاخیر ناقابل قبول ہے ،قوم خاموش نہیں رہے گی۔ انصاف اور انسانیت کا تقاضا ہے کہ فوری اور ذمہ دارانہ اقدام کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد عمران خان کو طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کئے جانے کے بعد انتقامی کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں پرامن کارکنوں پر جھوٹے مقدمات درج کرکے گرفتار کیا جانا قابل مذمت ہے حکمران جعلی مینڈیٹ کے سہارے عوام کا اعتماد جیت نہیں سکتے انہیں جلد اقتدار سے الگ ہونا پڑے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں