رمضان سے قبل اشیاخورونوش مہنگی انتظامیہ بے بس
150روپے فی درجن میں فروخت ہونے والا کیلا 250روپے میں دستیاب، سیب 400روپے کلو ہوگیا، خربوزہ 210، کینو 500روپے درجن دال چنا کا ریٹ 220روپے مقرر ، 240روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ،سفید چنے 235، بیسن 240روپے کلو بکتارہا،شہری پریشان
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر) رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی منافع خور سرگرم ہوگئے ۔پھلوں کے ریٹ بے لگا م جبکہ اشیا خورونوش بھی من مانے نرخوں پر فروخت ہو رہے ہیں۔150روپے فی درجن میں فروخت ہونے والا کیلا 250روپے میں فروخت ہونے لگا جبکہ سیب 400روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے ۔ سرکاری ریٹ لسٹ کو دکانداروں نے نظر انداز کر دیا،کوئی بھی دکاندار سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق اشیا فروخت نہیں کر رہا،منافع خور اپنے من مانے نر خوں پر اشیا خورونوش فروخت کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کی آمد آمد ہے کہ ناجائز منافع خور سرگرم ہو گئے ہیں ۔ناجائز منافع خوروں نے پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا ہے ۔ دو روز قبل 150روپے درجن میں ملنا والا کیلا 250روپے میں فروخت ہو رہا ہے ۔سیب 250روپے سے 400روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے ۔
خربوزہ 150روپے سے 210روپے فی کلو گرام جبکہ کینو 500روپے میں فروخت ہو رہا ہے ۔اسی طرح دالوں کی قیمتیں بھی سرکاری نرخوں پردستیاب نہیں ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دال چنا کا ریٹ 220روپے مقرر ہے لیکن دکاندار 240روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں ۔سفید چنے 215کی بجائے 235روپے کالے چنے 210 روپے کی بجائے 230روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہو رہے ہیں، اسی طرح بیسن جس کا سرکاری ریٹ 210روپے کلو ہے لیکن دکاندار 240روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں۔قیمتوں میں اضافہ سے شہری پریشان ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ ریٹ لسٹ جاری کر کے خاموش بیٹھ گئی ہے ۔رمضان المبارک میں اشیا کی قیمتیں ہونے کی بجائے اس میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ دوسری طرف دکاندار کہتے ہیں جو ریٹ لسٹ جاری کی گئی ہے ، اس حساب سے تو انہیں کوئی اشیا نہیں ملتیں جو ریٹ لسٹ پر قیمت لکھی ہوئی ہے ،اس سے مہنگی تو ہمیں منڈی سے اشیا مل رہی ہیں۔