ڈی ایس ریلوے کا علی پورچٹھہ سٹیشن کا دورہ‘ٹریک کا معائنہ
ریلوے سٹیشن کی عمارت خستہ ہال ، گودام اور رہائشی کوارٹرز کی حالت ابتر
علی پورچٹھہ، جامکے چٹھہ (تحصیل رپورٹر ، نامہ نگار )ڈی ایس ریلوے انعام اللہ خان کا علی پورچٹھہ سٹیشن کا دورہ، تنصیبات و انتظامی امور کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے سٹیشن کی تنصیبات، ٹریفکنگ سسٹم، ریلوے پراپرٹی اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسر وں کو موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں۔معائنے کے دوران ریلوے سٹیشن کی تاریخی عمارت جو 1887 سے قائم ہے خستہ حالی کا شکار پائی گئی ۔ سٹیشن پر موجود گودام اور رہائشی کوارٹرز بھی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث مخدوش حالت میں نظر آئے ۔
مقامی نمائندگان اور شہریوں نے ڈی ایس ریلوے کو آگاہ کیا کہ منچر چٹھہ کے مقام پر ریلوے پھاٹک نہ ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ اسی طرح فیصل آباد سے وزیرآباد تک لوکل ٹرینوں کی بندش کے باعث روزانہ سفر کرنے والے افراد شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ انعام اللہ خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معیاری اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنا ریلوے کی ذمہ داری ہے اور شہریوں کو بہترین سفری نظام دینا ان کا بنیادی حق ہے ۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وسائل کی کمی کے باعث بعض مسائل درپیش ہیں تاہم ان کا ادارہ محدود وسائل میں بہتری کیلئے مسلسل کوشاں ہے ۔ڈی ایس ریلوے نے جامکے چٹھہ اور وزیرآباد ریلوے سٹیشنوں کا بھی دورہ کیا اور انتظامی و فنی امور کا جائزہ لیا۔