علی پور :میو نسپل دفترکے باہر موٹر سائیکل سٹینڈ ،ٹریفک معطل
رمضان نگہبان پیکیج کیلئے قطاریں ،عملہ کم اور آن لائن سسٹم میں خرابی سے مشکلات
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )رمضان نگہبان پیکیج کے تحت مستحق خاندانوں کو مالی امداد کی فراہمی جاری ہے ،انتظامی کمزوریوں کے باعث شہریوں، بالخصوص خواتین اور طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ میونسپل کمیٹی آفس میں امدادی رقم کے حصول کیلئے صبح سویرے ہی مرد و خواتین کی طویل قطاریں لگ جاتی ہیں۔ متعدد خواتین بچوں کو گود میں اٹھائے گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور دکھائی دیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صرف ایک اہلکار ڈیوٹی انجام دے رہا ہے جس کے باعث ادائیگی میں تاخیر ہو تی ہے ۔ خواتین نے بتایا کہ آن لائن سسٹم بھی اکثر معطل رہتا ہے جس کی وجہ سے گھنٹوں انتظار کے باوجود کام مکمل نہیں ہو پاتا۔ مزید برآں سرکلر روڈ پر واقع میونسپل کمیٹی دفتر کے باہر سینکڑوں موٹر سائیکلوں کی موجودگی سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے ۔ سامنے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول اور مڈل بوائز سکول واقع ہیں جس کے باعث طلبہ و طالبات کو سکول آنے اور چھٹی کے اوقات میں آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ برسوں گزرنے کے باوجود حکومت ایسا جامع اور باوقار نظام وضع نہیں کر سکی جس کے ذریعے مستحق افراد کو گھر بیٹھے امداد فراہم کی جا سکے ۔