گیس نہ ہونے سے کھانا بنانے میں خواتین کو مشکلات
ملکوال(نمائندہ دنیا نیوز) ماہ رمضان کی پہلی سحری اور افطاری میں ہی کئی علاقوں میں گیس نہ ہونے سے کھانا بنانے میں خواتین کو مشکلات کا سامنا،
متاثرہ علاقوں کے لوگوں کا وزیراعظم سے ماہ رمضان میں سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس فراہمی کا مطالبہ، گیس کا پریشر مزید تیز کردیا جائے گا۔ تفصیلات کیمطابق رمضان المبارک کی پہلی سحری اور افطاری کے موقع پر ملکوال شہر بھر میں گیس کی بندش نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا۔ متعدد علاقوں میں پہلی سحری اور افطاری کے وقت کہیں گیس کا پریشر انتہائی کم اور کہیں گیس مکمل طور پر بند رہی، جس کے باعث گھریلو خواتین کو کھانوں کی تیاری میں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ خرم بیگ، محمد عمران، محمد نصیر و دیگر شہریوں نے کہا کہ رمضان جیسے مقدس مہینے میں گیس کی عدم فراہمی ناقابلِ برداشت ہے ۔ کئی گھروں میں بچوں اور بزرگوں کے لیے سحری اور افطاری تیار کرنا ممکن نہ رہا۔ جبکہ لوگوں کو مجبوراًمتبادل ذرائع استعمال کرنا پڑے۔متاثرہ شہریوں نے گیس حکام کی ناقص کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور واضح شیڈول جاری کیا جائے تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔