افسروں کی پیشہ ورانہ تربیت کیلئے 3روزہ تربیتی سیمینار
سکروٹنی اور مقدمات کی مؤثر تیاری کو ہر صورت یقینی بنایا جائےشہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ،سیکرٹری پراسیکیوشن
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن برائے مؤثر اور بروقت انصاف کی فراہمی کے تحت محکمہ پراسیکیوشن پنجاب کے زیر اہتمام پبلک پراسیکیوٹرز اور پولیس کے انویسٹی گیشن افسران کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے کیلئے تین روزہ تربیتی سیمینار کا آغاز ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر آفس میں کر دیا گیا ہے سیمینار کے افتتاحی سیشن سے سیکرٹری پراسیکیوشن پنجاب سلمان غنی نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ مضبوط پراسیکیوشن نظام انصاف کی بنیاد ہے ۔ چالان کی مکمل جانچ پڑتال، شواہد کی قانونی تقاضوں کے مطابق سکروٹنی اور مقدمات کی مؤثر تیاری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ کیس مینجمنٹ اور عدالتی پیروی میں پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھا جائے ۔پراسیکیوٹر جنرل پنجاب فریاد علی شاہ نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے ابتدائی خطاب میں واضح کیا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور قانون کی بالادستی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ پولیس اور پراسیکیوشن کے مابین مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی کے ذریعے نظام انصاف کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ یہ تربیتی پروگرام ابتدائی طور پر ڈویڑن کی سطح پر شروع کیا گیا ہے جسے مرحلہ وار دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مقدمات کے ٹرائل کی پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 342 سمیت تمام قانونی تقاضوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ افسران کی کارکردگی کی ویڈیو ریکارڈنگ اور پراسیکیوشن اسیسمنٹ کے ذریعے جائزہ لے کر بہتری کے اقدامات کیے جائیں گے ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر عامر شہزاد سیمینار میں موجود تھے ۔ سینئر قانون دان چوہدری محمود احمد نے قتل کے مقدمات میں ٹرائل پروسیجر، شہادتوں کی مؤثر پیشکش، قابل اعتماد اور سرحدی نوعیت کے شواہد اور بعد از ٹرائل جائزہ سے متعلق تفصیلی لیکچر دیا۔ جبکہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اختر بھٹی اور ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر عامر شہزاد ا نے پراسیکیوٹرز کی ذمہ داریوں، شواہد کی مضبوط جانچ، چالان کی مؤثر سکروٹنی اور کیس ریویو کے عملی پہلوؤں پر تربیتی سیشن منعقد کیا۔ اختتام پر سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا جس میں شرکاء کو مختلف قانونی نکات پر رہنمائی فراہم کی گئی۔