رمضان میں اشیائے خوردونوش کے ریٹ کنٹرول کے اقدامات
شہریوں کے لیے شکایت سیل قائم ،پیرا فورس کے افسران اور عملہ ڈیوٹی پر موجود
جھنگ (نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کے سرکاری نرخ نامہ پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات تیز کر دئیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ضلع بھر کے بازاروں میں مانیٹرنگ کرنے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے ۔ شہریوں کے لیے شکایت سیل قائم کیے گئے ہیں جہاں پیرا فورس کے افسران اور عملہ ڈیوٹی پر موجود ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بازاروں، سبزی و فروٹ منڈی اور نگہبان رمضان بازار کا دورہ بھی کیا اور اشیاء کے نرخ و معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اوورچارجنگ یا ذخیرہ اندوزی کی شکایت درست ثابت ہونے پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا اور دکانیں سیل کی جا سکتی ہیں۔