سال رواں جرائم میں 50 فیصد کمی ریکارڈ

سال رواں جرائم میں 50 فیصد کمی ریکارڈ

50روز میں 4572مقدمات ریکارڈ ،کارچوری، موٹرسائیکل چھیننے کے واقعات 80فیصد گھٹ گئے ، منشیات فروشی میں ملوث 389ملزم حراست میں لئے گئے 19کلو آئس، 37کلو ہیروئن، 52کلو چرس، 21ہزار 254شراب کی بوتلیں،4غیر قانونی شراب یونٹس پکڑے گئے ،سی پی اوصادق علی ڈوگرکی روزنامہ دنیا سے گفتگو

ملتان (نسیم یوسف )سٹی پولیس آفیسرصادق علی ڈوگر  نے کہا ہے کہ ملتان پولیس نے سال 2025 کے ابتدائی 50روز میں مجموعی طور پر 9095 مقدمات درج کئے جبکہ اسی مدت کے دوران سال 2026 میں صرف 4572 مقدمات درج کئے گئے ۔ اس طرح 4523 مقدمات کی کمی واقع ہوئی جو کہ مجموعی طور پر 50فیصد جرائم میں کمی کو ظاہر کرتی ہے۔ یہ اعداد و شمار پولیس کی بہتر حکمت عملی اور مؤثر کارروائیوں کا واضح ثبوت ہیں۔

دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق چوری، چھینا جھپٹی، ڈکیتی، اور گاڑی چوری/گاڑی چھیننے جیسے بڑے جرائم میں 75 فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی۔ڈکیتی کے مقدمات میں 75 فیصد کمی کار چوری میں 100 فیصد کمی موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات میں 80 فیصد کمی ہوئی موٹر سائیکل چوری میں 63 فیصد کمی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ملتان پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 377 مقدمات درج کئے جبکہ 389 ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔

کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات اور شراب برآمد کی گئی، جن میں19 کلو آئس (کرسٹل میتھ)37کلو ہیروئن،52کلو چرس،37 کلو بھنگ، 21254 شراب کی بوتلیں380 لٹر شراب (خمیر شدہ محلول)،4 غیر قانونی شراب کشید کرنے والے یونٹس شامل ہیں ملتان پولیس نے 46 جرائم پیشہ گینگز کا خاتمہ کیا اور 114 گینگ ممبران کو گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے 64 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔ پولیس نے ڈکیتی، چوری، راہزنی، موٹر سائیکل چوری اور دیگر منظم جرائم میں ملوث گینگز کے خاتمے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں پولیس نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 81 مقدمات درج کیے اور81ملزم گرفتار کئے۔ 1رائفل،2 بندوقیں،2 ریوالور، 74پستول، 218 گولیاں برآمد کیں پولیس نے اشتہاری ملزمان اور عدالتی مفرور افراد کے خلاف مسلسل کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے 221 اشتہاری ملزموں کو گرفتار کیا جبکہ 47 مقدمات درج کئے گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں