جلالپوربھٹیاں:گرانفروشی‘ناجائز منافع ،شہری سراپا احتجاج
لاری اڈوں ، مین باز ار میں دکاندار اور روزہ خور ماہ مقدس کی پامالی کر نے لگے
جلالپوربھٹیاں(نامہ نگار )گرانفروشوں ناجائز منافع خوروں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے احکامات ہوا میں اڑا دئیے جبکہ لاری اڈ وں اور مین بازار میں سموسے دہی بھلے اور بریانی سرعام دن دہاڑے فروخت کرکے ماہ رمضان کے تقدس کو بھی پامال کیا جارہا ہے ، پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ویڈیو بنا کر اعلیٰ افسروں کو سب اچھا کی رپورٹ دینے لگے ،اہل علاقہ کا شدید احتجاج اور وزیر اعلیٰ مریم نواز سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق جلالپوربھٹیاں میں مٹن 2400روپے ،بیف 1200روپے میں فروخت ہونے لگا جبکہ ناقص ملاوٹ شدہ دودھ اور دہی کی قیمتیں بھی 200روپے کلو سے تجاوز کر گئی ہیں ۔دکاندار فروٹ،مصالحہ جات اور کریانہ کے سامان کا مرضی کا ریٹ لگانے لگے ،پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور دیگر ادارے محض فوٹو سیشن تک محدود ہوکر رہ گئے ، عوام کو ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔