ٹریول سروسز کا مالک گرفتار ‘پاسپورٹس کا ذخیرہ برآمد
ایف آ ئی اے سیالکوٹ کی نا رووال میں کارروائی ، جعلی پروموٹر کو بھی دھر لیا
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ایف آئی اے سیالکوٹ نے نارووال میں النمل ٹریول ایوی ایشن سروسز کے مالک کو گرفتار کرکے پاسپورٹس کا بڑا ذخیرہ برآمد کر لیا ۔ ایف آئی اے سیالکوٹ کے سب انسپکٹر عادل سلطان نے نارووال کے مین سرکلر روڈ پر چھاپہ مار کر غیر قانونی اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر \"النمل ٹریول ایوی ایشن سروسز کے مالک کو دھر لیا۔ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھرتیوں کا دھندہ کر رہا تھا۔ نا رروال میں ایک اور کارروائی میں رائل تاتلہ ٹریول اینڈ ٹورز کا جعلی پروموٹر گرفتار کر لیا ۔ ملزم لائسنس کے بغیر اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر بن کر سادہ لوح شہریوں سے بیرون ملک ملازمتوں کے نام پر بھاری رقوم بٹور رہا تھا۔ دورانِ چھاپہ ملزم کے قبضے سے متعدد پاسپورٹس اور ویزہ دستاویزات برآمد کر لی گئیں ۔علاوہ ازیں ایف آئی اے سیالکوٹ میں تعینات انسپکٹر نوید احمد نے محمد فیض رسول کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے ایجنٹ زاہد سے بیرون ملک بھجوانے کیلئے ہتھیائی گئے رقم 10لاکھ 35ہزار روپے واپس دلوادی۔