رمضان بازار میں اشیا کی قیمتیں مزید کم کرنے کا مطالبہ
سبزی ،پھل ،کریانہ، گوشت ،آٹا ،چینی اور گھی کے سٹالز‘قیمت 5سے 20 روپے کم
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)نگہبان رمضان بازا ر میں فروخت ہونے والی اشیا کی قیمتیں اوپن مارکیٹ سے 5روپے سے لے کر 20 روپے تک کم ہیں لیکن شہری قیمتوں میں موجود ہ کمی سے نالاں ہیں ،مزید کمی اور اشیا کا معیار مزید بہتر بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ گوجرانوالہ سہولت بازار کو رمضان بازار میں تبدیل کر کے وہاں سبزی ،پھل ،کریانہ گوشت ،چکن ،آٹا ،چینی اور گھی کے 200سے زائد سٹالز لگائے گئے ہیں جن کی قیمت ڈی سی ریٹ سے بھی5سے 20روپے تک کم رکھی گئی ہے ۔کیلا مارکیٹ میں 225روپے درجن فروخت ہو رہا ہے لیکن نگہبان رمضان بازار میں 205روپے درجن دستیاب ہے اسی طرح سیب مارکیٹ میں 400 روپے جبکہ نگہبان بازار میں 375روپے کلو، امرود140سے 130روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے خربوزہ 180سے 170روپے فی کلو گرام میں فروخت ہو رہا ہے ۔چینی 140جبکہ آٹا 850روپے میں10کلو گرام کا تھیلا مل رہا ہے ۔ آلو مارکیٹ میں 22روپے کلو جبکہ نگہبان رمضان بازار میں 19روپے فی کلو گرام میں فروخت ہو رہے ہیں۔پیاز 60روپے سے 55روپے میں فروخت ہو رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نگہبان رمضان بازار اچھا اقدام ہے لیکن قیمتوں میں مزید کمی ہونی چاہیے ۔