علی پور چٹھہ:زمین وجائیداد کی رجسٹری اور انتقال بند،شہری وزیرآباد جانے پر مجبور
پیلرا کے نئے سسٹم کے تحت عام انٹرنیٹ آئی ڈی سے لاگ اِن ممکن نہیں رہا ،بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے رجسٹریاں کی جا رہی ہیں، علی پور چٹھہ میں جلد سسٹم نصب ہو جا ئیگا:تحصیلدار
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ اور گردو نواح میں زمین و جائیداد کی رجسٹری اور انتقال کا عمل عملاً بند ہے جس کے باعث شہریوں کو 40سے 50 کلومیٹر دور وزیرآباد کا رخ کرنا پڑ رہا ہے ۔ اس ضمن میں حلقہ پٹواری نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سے ملاقات بھی کی اور مقامی سطح پر سسٹم فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاہم ابھی تک عملی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔یاد رہے کہ حکومتِ پنجاب کی نئی پالیسی کے تحت زبانی بیع نامہ پر انتقال کی پابندی عائد کر دی گئی ہے اور رجسٹری کو لازمی قرار دیا گیا ہے جس کیلئے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (پیلرا)نے نیا آن لائن نظام متعارف کر ایا ہے لیکن یہ سسٹم فی الحال صرف وزیرآباد میں تحصیلدار کے ماتحت فعال ہے ۔ تحصیلدار وزیرآباد نے رابطہ پر بتایا کہ پیلرا کے نئے سسٹم کے تحت اب عام انٹرنیٹ آئی ڈی سے لاگ اِن ممکن نہیں رہا اور بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے رجسٹریاں کی جا رہی ہیں ،علی پورچٹھہ میں سسٹم کی تنصیب کیلئے درخواست بھیج دی گئی ہے اور امید ہے جلد رجسٹریوں کا عمل بحال ہو جائے گا۔