مہنگائی بے قابو مضر صحت مرچ مصالحے فروخت
مافیا نے گھروں میں فیکٹریاں قائم کر لیں، مصالحوں کی تیاری میں خطرناک کیمیکل کا استعمال اور چاول کے بھوسے کی ملاوٹ،فوڈ اتھارٹی حکام خاموش تماشائی
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)سیالکوٹ اور گردونواح میں اشیا خوردونوش کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں، اشیا ضروریہ عوام کی پہنچ سے دور ہو گئیں ، آئے روز بڑھتی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ، شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ روز مرہ استعمال ہونیوالی کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی زندگیاں مشکل بنا دی ہیں ،پھل، سبزیاں، گھی، دالیں ، آٹا، چینی سمیت دیگر اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ،عوام کی قوت خرید جواب دے چکی ہے ، پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔ علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق شہر اور گردونواح میں ملاوٹ شدہ مصالحہ جات کی کھلے عام فروخت’پنجاب فوڈ اتھارٹی بے بسی کی تصویر بن کر رہ گئی، تفصیلات کے مطابق سرخ مرچ’مصالحہ’ہلدی’گوشت’دودھ’دہی’دالیں’
سوجی’بیسن سمیت دیگر مصالحہ جات کو خطرناک کیمیکل رنگوں اور چاول کے بھوسے کی ملاوٹ کر کے بازاروں میں کھلے عام فروخت کیا جا رہا ہے ۔ مافیا نے جعلی مصالحہ جات تیار کرنے کیلئے گھروں میں منی فیکٹریاں قائم کر رکھی ہیں۔ ان غیر معیاری مصالحہ جات کو ہوٹلز’میرج ہالز’میرج گارڈن’مارکیز سمیت شہر کے بازاروں میں دیدہ دلیری کیساتھ فروخت کیا جا رہا ہے جسے سادہ لوح صارفین خرید کر کھانوں میں استعمال کرتے ہیں جس سے شہری معدے کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ ناقص و غیر معیاری مصالحہ جات تیار کر کے فروخت کرنیوالے دکانداروں کیخلاف آپریشن کر ایا جائے تاکہ شہری موذی امراض سے محفوظ رہ سکیں۔