نوشہرہ ورکاں: عملہ نہ ہونے سے تحصیل ہسپتال میں ڈائیلسز سنٹر غیر فعال مریض خوار
عمارت کی تعمیر میں غیر معمولی تاخیر کے بعد بھی مسائل ختم نہ ہوسکے ،6 ماہ سے مشینیں موجود لیکن عملہ تعینات نہ ہوسکا ،مریض ہفتہ میں 2 سے 3 مرتبہ علاج کیلئے دوسرے شہریوں کارخ کرنے پر مجبور
نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر )تحصیل ہسپتال میں قائم ڈائیلسز سینٹر تاحال فعال نہ ہو سکا،ڈائیلسز مشینیں موجود،عملہ کی تعیناتی نہ ہونے کے باعث ڈائیلسز سینٹر غیرفعال،گردوں کے امراض میں مبتلا مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔بتایا گیا ہے کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال نوشہرہ ورکاں میں ڈائیلسز سینٹر کے منصوبے کی تکمیل میں پہلے ہی غیر معمولی تاخیر ہوئی اور طویل عرصہ تک عمارت مکمل نہ ہو سکی ،عمارت کی تکمیل کے بعد بھی مسائل ختم نہ ہو سکے ۔ ذرائع کے مطابق 6ماہ سے ڈائیلسز مشینیں ہسپتال میں موجود ہیں تاہم سینٹر کو باقاعدہ طور پر فعال نہیں کیا جا سکا ،مریضوں کو اپنے شہر میں ڈائیلسز کی سہولت میسر نہیں آ سکی ، مریضوں اور لواحقین کا کہنا ہے کہ انہیں ہفتے میں دو سے تین مرتبہ گوجرانوالہ اور دیگر شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے جس سے نہ صرف مالی بوجھ بڑھ رہا ہے بلکہ شدید علیل مریضوں کیلئے سفر کسی عذاب سے کم نہیں۔ ہے شہریوں نے کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے عملہ کی تعیناتی یقینی بنا کر ڈائیلسز سینٹر کوفعال بنائیں تاکہ مقامی مریضوں کو ریلیف مل سکے ۔