جھنگ:مین ٹوبہ روڈ پر ناقص مرمت، بڑے حادثات کا خدشہ
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )جھنگ شہر کی مصروف ترین شاہراہ، مین ٹوبہ روڈ، ٹوبہ پھاٹک کے قریب ٹھیکیدار کی مبینہ نااہلی اور غفلت کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے ۔
مرکزی جمعیت اہلحدیث جھنگ کے امیر حافظ ثاقب سرور ساقی نے کہا کہ شہریوں کے مطابق سڑک پر دن کے وقت کراس ڈالنے کے بعد اسے مناسب طریقے سے مرمت نہیں کیا گیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے اور حادثات کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔مقامی افراد کے مطابق سڑک کے درمیان کھدائی کے بعد نہ تو اسے مکمل طور پر ہموار کیا گیا اور نہ ہی حفاظتی اقدامات کیے گئے ۔ رات کے وقت روشنی کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ ڈرائیوروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں نے کہا کہ ذرا سی بے احتیاطی کسی بڑے سانحے کو جنم دے سکتی ہے ۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ ٹوبہ پھاٹک کے قریب روزانہ ہزاروں گاڑیاں گزرتی ہیں، جن میں سکول وینز، مسافر بسیں اور مال بردار گاڑیاں شامل ہیں۔ سڑک کی خستہ حالت کے باعث ٹریفک جام معمول بن چکا ہے اور متعدد گاڑیاں اچانک بریک لگانے پر مجبور ہو جاتی ہیں، جس سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جھنگ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیا جائے اور متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کام کو مکمل اور معیاری بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے پہلے مسئلہ حل ہو سکے ۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی کاموں کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے ، نہ کہ مزید مشکلات پیدا کرنا، اور اگر بروقت مرمت نہ کی گئی تو بڑے حادثے کی ذمہ داری ٹھیکیدار اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔