رمضان میں گرانفروشی پر 350گودام اور دکانیں سیل‘354افراد گرفتار
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے بتایا ہے کہ یکم رمضان المبارک سے اب تک 354گرانفروشوں کو گرفتار کیا گیا،
6 مقدمات کا اندراج عمل میں لایا گیا جبکہ 350 گوداموں اور دکانوں کو سیل کیا گیا۔ اس دوران مجموعی طور پر 91لاکھ 87ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ مصنوعی مہنگائی میں ملوث 2513افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ ضلع بھر میں 38ہزار 246چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 2ہزار 942انسپکشنز کرتے ہوئے گراں فروشی پر 4لاکھ 91ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا، 18گوداموں/دکانوں کو سیل کیا اور 30افراد کو گرفتار کیا۔