جلالپور جٹاں:سنوکر کلب میں تلخ کلامی پر نوجوان قتل
نامیر خاور اور سمیر نے ساتھیوں سے ملکر حسن کو چاقو کے وار کرکے مار ڈالا حسن اقبال کے دوست نقاش خالد کی حالت تشویشناک ، لاش ورثا کے حوالے
جلالپور جٹاں (نامہ نگار )معمولی تلخ کلامی پر نوجوان کو تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کر دیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کشمیر نگر کے رہائشی راجہ حسن اقبال کی مبینہ طور پر بینظیر چوک میں واقع سنوکر کلب میں نامیر خاور اور سمیر مطلوب وغیرہ کے ساتھ معمولی بات پر تکرار ہوگئی۔ جس پر طیش میں آکر نامیر اور سمیر مطلوب نے ساتھیوں کے ہمراہ تیز دھار چاقو کے وار کر کے راجہ حسن اقبال اور اسکے دوست نقاش خالد کو شدید زخمی کردیا جنہیں انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال لے جایا گیا جہاں راجہ حسن اقبال ساکن کشمیر نگر دم تو ڑ گیا۔ پولیس تھانہ سٹی جلالپور جٹاں نے متوفی کے بھائی ارباز کی درخواست پر نامیر خاور ،سمیر مطلوب سمیت دیگر آٹھ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ،راجہ حسن کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کردی گئی جبکہ دوسرے نوجوان نقاش خالد کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔