موٹر سائیکل سواروں میں ہیلمٹ کے استعمال کیلئے آگاہی مہم
شہری اپنی اور دوسروں کی سلامتی کیلئے ہیلمٹ پہن کر سفر کریں:موٹر وے پولیس
کامونکے (تحصیل رپورٹر)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سیکٹر نارتھ تھری کامونکے میں موٹر سائیکل سواروں میں ہیلمٹ کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے خصوصی آگاہی مہم جاری ہے جس کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو چالان کرنے کے بجائے انہیں ہیلمٹ کی اہمیت سے آگاہ کیا جا رہا ہے ۔ ریجنل کمانڈر کی ہدایت پر سیکٹر کمانڈر نارتھ تھری شفیق الرحمن نے ٹول پلازہ پر روڈ یوزرز سے ملاقات کی اور متعدد موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ پہنائے ۔ اس موقع پر انہوں نے روڈ یوزرز کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال نہ صرف قانونی تقاضا ہے بلکہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کیلئے بھی انتہائی ضروری ہے کیونکہ حادثات کی صورت میں ہیلمٹ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور دوسروں کی سلامتی کے لیے ہمیشہ ہیلمٹ پہن کر سفر کریں، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ ایسی آگاہی مہمات کا مقصد سڑکوں پر حادثات میں کمی لانا اور عوام میں محفوظ سفر کے شعور کو فروغ دینا ہے ۔