یوم شہادت حضرت علیؓ پر فول پروف سکیور ٹی انتظامات
حافظ آباد سٹی،پنڈی بھٹیاں،رسول پور تار ڑ اور شاہ جمال میں جلوس نکالے جائینگے
حافظ آباد(نمائندہ دُنیا ، نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ شہادت حضرت علیؓ کے سلسلہ میں نکالے جانے والے جلوسوں کی مجالس کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائینگے اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ،پولیس،ریسکیو 1122اور دیگر تمام ضلعی محکموں کی جانب سے پیشگی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ضلع بھر میں حضرت علیؓ کے یوم شہادت 21رمضان المبارک کو حافظ آباد سٹی،پنڈی بھٹیاں،رسول پور تارڈ اور شاہ جمال میں چار جلوس نکالے جائینگے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی اور دیگر حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ایمر جنسی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خرم حمید،اسسٹنٹ کمشنر نرجس خاتون جعفری،اے سی پنڈی بھٹیاں محمد محسن ڈھلوں ،ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو 1122حافظ عبدالرشید ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فرجاد احمد بٹ سمیت میونسپل کمیٹی،پولیس،سول ڈیفنس،ٹریفک پولیس ،ستھرا پنجاب دیگر محکموں کے افسر شریک تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کے افسر وں کو ہدایت کی کہ شہادت حضرت علیؓ کے سلسلہ میں نکالے جانے والے تمام جلسوں اور مجالس کی سکیورٹی سمیت اپنے اپنے محکموں کی جانب سے انتظامات کو ہر لحا ظ سے یقینی بنایا جائے ،جلوسوں کی گزر گاہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائینگے جبکہ محکمہ صحت اور ریسکیو 1122کی جانب سے ایمبولینس ،فائر بریگیڈ اور موٹر بائیک سروس فراہم کی جائیگی ۔محکمہ سول ڈیفنس کے افسر بم ڈسپوزل سکواڈ کے ہمراہ جلوسوں کی گزر گاہوں اور مجالس کے مقامات پر پیشگی چیکنگ اور مانیٹرنگ کرینگے اس سلسلہ میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا جائیگا ۔