پروفیسرز ڈیوٹی کے بعد نجی مریض چیک کر سکتے :عبد الستار
ای ڈی پر تعینات ڈاکٹروں کوہسپتال سے باہر نجی پریکٹس کی اجازت نہیں ہوتی
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ہیڈ آف انسٹیٹیوٹ آف پرویز الٰہی کارڈیالوجی وزیرآباد ڈاکٹر عبدالستار نے کہا ہے کہ سرکاری پالیسی کے مطابق سینئر پروفیسرز کو ہسپتال میں ڈیوٹی کے اوقات کے بعد نجی طور پر مریضوں کا معائنہ کرنے کی اجازت ہے جسے انسٹی ٹیوشنل پریکٹس کہا جاتا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ (ای ڈی)پر تعینات ڈاکٹروں کوہسپتال سے باہر نجی پریکٹس کی اجازت نہیں ہوتی۔ڈاکٹر عبدالستار نے کہا کہ تصدیق کے بغیر کسی کی پگڑی اچھالنا مناسب نہیں صحت کے شعبہ میں 34 سال باوقار طریقے سے سروس کی اور عوام کی خدمت کو ترجیح دی ہے ۔ ان کے مطابق وزیرآباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو مریض کسی مخصوص کنسلٹنٹ سے معائنہ کرانا چاہتے ہیں، ان کیلئے ہسپتال کی پالیسی کے تحت کنسلٹنٹس کو اجازت ہے کہ وہ ڈیوٹی کے بعد مقررہ فیس کے ساتھ مریضوں کا چیک اپ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے علاوہ لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں بھی کنسلٹنٹس کو انسٹیٹیوشنل پریکٹس کی اجازت ہے اس میں کوئی قباحت نہیں۔