مہنگائی کے ستائے عوام پر مزید بوجھ قبول نہیں :ریحانہ ڈا ر
قوت خرید ختم ہو چکی ، عام آ دمی کی زندگی اجیرن بن چکی :عمر ڈار ، روبا عمر
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )پاکستان تحریک انصاف کی ٹکٹ ہولڈر ریحانہ امتیاز ڈار نے جعلی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کو عوام دشمن اور ظالمانہ فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے ستائے عوام پر مزید بوجھ ڈالنا کسی صورت قابل قبول نہیں ،پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید ختم ہوچکی ہے اور اب پٹرول مہنگا ہونے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی مزیداضافہ کردیا گیا ہے جو ناقابل برداشت ہے ۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے جناح ہاؤس میں تحریک انصاف مینارٹی ونگ کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی رہنما عمر فارو ق ڈار ،روبا عمر ڈار، سٹی صدر میاں اعجاز جاوید ،تحریک انصاف مینارٹی ونگ کے مرکزی صدر لال چند ملہی، صدر سندھ راجیش کمار، سابق ایم پی اے جوجاسٹر چوہان، مرکزی نائب صدر جان محبوب، صدر ضلع سیالکوٹ آصف گل اور تحصیل سیالکوٹ کوآرڈینیٹر ہیومن رائٹس آکاش رفیع بھٹی ودیگر کارکن بھی موجود تھے ۔ عمر ڈار نے کہا کہ مہنگائی کے طوفان نے پہلے ہی عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے اور اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ناقابل برداشت ہوتا جارہاہے ۔ روبا عمر ڈار نے کہا کہ پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے عوامی حلقوں میں تشویش پیدا کردی ۔