انسداد پولیو مہم ، سو فیصد ہدف حاصل کرنے کا حکم
ویکسین کے دو قطرے بچوں کے صحت مند مستقبل کے ضامن ہیں :ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار )ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی انسداد پولیو مہم تیسرے روز بھی بھرپور انداز میں جاری رہی جس کے دوران ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے فیلڈ میں جا کر کمسن بچوں کو قطرے پلانے کی مہم کا جائزہ لیا اور سول لائنز کے علاقے میں گھر گھر جا کر ٹیموں کی کارکردگی، ڈور مارکنگ اور انتظامات کی چیکنگ کی انہوں نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے دو قطرے بچوں کے صحت مند مستقبل کے ضامن ہیں اور اس مہم کا مقصد ہر بچے تک ویکسین کی رسائی کو یقینی بنانا ہے انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے پہلے دو دنوں میں 3 لاکھ 74 ہزار 554 بچوں کو قطرے پلائے جا چکے ہیں جبکہ تیسرے روز 2 لاکھ 20 ہزار 969 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ 100 فیصد ہدف کے حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے دریں اثنا ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج میں قائم میٹرک امتحانی سنٹر کا بھی دورہ کیا اور وہاں امتحانی انتظامات اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔