تاجر برادری کا 9بجے تک دکانیں کھولنے کا مطالبہ

تاجر برادری کا 9بجے تک دکانیں کھولنے کا مطالبہ

ایڈیشنل آئی جی کا دوورہ ایوان تجارت، شکایتو ں کے انبار لگ گئے

ملتان (لیڈی رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران خان نے خصوصی دعوت پر ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کاروباری برادری کے نمائندگان سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے ۔ملاقات کے دوران تاجروں نے شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بوسن روڈ، بچ ولاز اور چوک کمہارانوالہ سمیت مختلف مقامات پر فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ شرکاء نے سی سی ڈی اور سیف سٹی پراجیکٹ کے باعث جرائم میں کمی اور کچے کے علاقوں میں کامیاب آپریشن پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔تاجروں نے دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے موسمی شدت کے پیش نظر اسے رات 9 بجے تک بڑھانے کی تجویز دی، جبکہ ہائی ویز پر واقع ریسٹورنٹس کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ایڈیشنل آئی جی محمد کامران خان نے کہا کہ ٹریفک مسائل کے حل کے لئے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر فوری اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کی جائے ، کیونکہ حادثات میں اموات کی شرح تشویشناک ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کچے کے علاقوں میں آپریشن کے دوران 687 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈالے اور کئی مطلوب ملزم بھی گرفتار ہوئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں