والدین میں جھگڑا ، بیچ بچائو کراتے بیٹا فائرنگ سے زخمی
21سالہ عبد اللہ کی حالت تشویشناک ، ڈی ایچ کیو ہسپتال گوجرانوالہ منتقل
قلعہ دیدار سنگھ (نامہ نگار )والدین کے جھگڑے میں فائرنگ،بیچ بچاؤ کرانے والا بیٹا گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا ۔ قلعہ دیدار سنگھ کے نواحی علاقے میں ظفر اقبال بیوی سے جھگڑا کر رہا تھا کہ اسی دوران ان کا 21 سالہ بیٹا عبداللہ بیچ بچاؤ کروانے کیلئے آگے آیا تو پسٹل سے اچانک فائر ہو گیا جو عبداللہ کو جا لگا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد رورل ہیلتھ سنٹر قلعہ دیدار سنگھ منتقل کر دیا ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سرکل قلعہ دیدار سنگھ رمضان کمبوہ نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔تاہم عبداللہ کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ڈاکٹرز نے اسے مزید علاج کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کر دیا۔دریں اثنا زخمی نوجوان کی والدہ نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے شوہر کا ذہنی توازن درست نہیں اور اسی وجہ سے یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔پولیس نے واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ۔