گجرات چیمبر کے وفد کی سیکرٹری سپیشل انوسٹمنٹ سے ملاقات
اپریل میں اسلام آ باد میں گجرات گلوبل ایکسپو کا انعقاد کیا جائیگا :صدر احمد حسن مٹو
گجرات(سٹی رپورٹر ، نامہ نگار )صدر گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احمد حسن نے جمیل احمد قریشی سیکرٹری سپیشل انویسٹمنٹ اینڈ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) سے پرائم منسٹر سیکرٹریٹ میں میٹنگ کی۔اس موقع پر شہریار تاج سیکرٹری ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، عمران وڑائچ ، عادل اشرف ایگزیکٹو ممبران ، معصوم قمر چیئرمین گجرات گلوبل ایکسپو کمیٹی گجرات چیمبر موجود تھے ۔ملاقات کا مقصد گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام اپریل میں منعقد ہونے والی گجرات گلوبل ایکسپو کے لیے ایس آئی ایف سی کی خصوصی معاونت کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنا تھا۔اس موقع پر صدر گجرات چیمبر احمد حسن نے کہا کہ گجرات چیمبر کی جانب سے اپریل میں رامادہ ہوٹل اسلام آباد میں گجرات گلوبل ایکسپو کا انعقاد کیا جا رہا ہے ، جس میں خصوصی طور پر ’’میڈ اِن گجرات‘‘ مصنوعات کی نمائش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ایکسپو کا مقصد گجرات کی صنعت کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانا ہے تاکہ مقامی صنعتکاروں کو نئی منڈیوں تک رسائی حاصل ہو سکے ۔ اس موقع پر سیکرٹری ایس آئی ایف سی جمیل احمد قریشی نے صدر گجرات چیمبر کو گجرات گلوبل ایکسپو کے انعقاد کے حوالے سے مکمل تعاون اور ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی۔